سیکیورٹی ذرائع نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا اور کہا کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پرچند لوگوں کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ رات گئے پولیس اور رینجرز کے آپریشن میں کسی قسم کے آتشی اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ رات گئے اسلام آباد کے ڈی چوک، بلیو ایریا اور جناح ایونیو کے اطراف رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن منتشر ہوگئے تھے جبکہ تحریک انصاف نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ڈی چوک سے پسپائی اختیار کرنے پر کارکنوں نے پی ٹی آئی قیادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔