وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تحلیل کی سمری منظور کرلی، اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے،صنعتوں کی تعمیر سے ملکی برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہو گا ۔
اسلام آباد: پرائم منسٹر ہاوس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقووں کا دورہ کرنے پر کابینہ اراکین کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا ۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ میں یوریا کی قیمتوں میں توازن کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں اور وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے ان کی پیداواری لاگت کو کم کرنا ہو گا، جس کیلئے مصدق ملک، علی پرویز ملک، رانا تنویر حسین، محمد علی اور ہارون اختر پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ۔
اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تحلیل کی سمری کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، سمری کے مطابق 31 جولائی سے ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کا آپریشن ختم کر دیا گیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ملازمین کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا ۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ملازمین کے حقوق کیلئے تمام ترقانونی و دیگر ضابطوں کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی جب کہ اجلاس میں خصوصی اقتصادی زونز قانون 2012 ء میں ترمیم کی اصولی منظوری دیدی گئی ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملکی صنعتی ترقی کیلئے کاروبار و سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے،صنعتوں کی تعمیر سے ملکی برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہو گا ۔