اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں بھارت کے یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کردیا ۔
ترجمان دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور گفتگو کے دوران خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔
ترجمان کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے شہزادہ فیصل بن فرحان کو بھارت کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا ۔
اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں ۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا ،دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔