خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع کی انتظامیہ نے صوبائی حکومت سے درخواست کی ہے کہ غیر ملکی سیاح نہ بھیجے جائیں۔ یہ درخواست ضلع سوات میں غیر ملکی سفیروں پر حملے کے تناظر میں کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہزارہ ،ملاکنڈ ڈویژن اور وسطی اضلاع کے کئی ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کی جانب سے مراسلے ارسال کئے گئے ہیں۔ مراسلوں کے مطابق ان اضلاع میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث ایسا کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع چترال، سوات، دیر، مردان، ہری پور اور دیگر اضلاع میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح ہر سال آتے ہیں۔ اس سال بھی 6 ہزار سے زائد سیاح خیبر پختونخوا آئے ہیں جن کی سکیورٹی کا انتظام انتظامیہ اور پولیس کیلئے مشکل بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی سیاحوں کو این او سی مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی جاتی ہے اور صوبائی حکومت کو اس بابت آگاہ کیا جاتا ہے۔