پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیروارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔
قومی ہیرو ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچے ۔
ان کی پرواز ٹی کے 714 نےرات ایک بجکر 25 منٹ پر لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی۔اس موقع پر طیارے کو واٹرکینن سلیوٹ پیش کیا گیا۔
ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو گلے لگایا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔
وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ نے حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
اس موقع پر ہزاروں فینز اپنے ہیروکی ایک جھلک دیکھنے ائیر پورٹ پہنچے ، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کر دیا۔
عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور اپنے ہیرو پرپھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔
پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران نے ارشد ندیم کو سیکیورٹی فراہم کی۔
ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کی سیر کرائی گئی، ان کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس پائلٹ موجود تھا، ارشد ندیم کی بس کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق ارشد ندیم کے پروٹوکول کےلئے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک مقرر کیے گئے تھے، جبکہ متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ریسیو کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔
لاہور میں شاندار اور مثالی استقبال کے بعد قومی ہیرو اپنے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچے تو وہاں بھی لوگوں کی بڑٰ تعداد موجود تھی اور اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب تھی۔