وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ 12 برس کے طویل وقفے کے بعد آئندہ مارچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا، جس پر وہ پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
گورنر ہاؤس پشاور کے دورے کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے اطمینان کا اظہار کیا کہ صورتحال میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے، اور گورنر نے ہر ملاقات میں پشاور کے اندر کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کرنے پر زور دیا ۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا، جبکہ قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کے لیے ایک علیحدہ کرکٹ اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا نے قومی ٹیم کو کئی نامور کرکٹرز دیے ہیں، اور پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز بھی کرائے جائیں گے ۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کا استحکام اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ اب فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے، جسے عوامی تعاون سے کامیاب بنایا جائے گا ۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے کر پرانے ٹھیکے ختم کر دیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ کان کنی کے ٹھیکے انفرادی شخصیات کے بجائے صرف رجسٹرڈ کمپنیوں کو جاری کیے جائیں گے ۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے لائسنس بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں، انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فنڈز کی فراہمی پر فیلڈ مارشل سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے کا خصوصی پیکیج مختص کیا ہے ۔

