خیبر ڈیجیٹل اور انٹرنیشنل چاکلیٹ اینڈ پیسٹری اکیڈمی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان ہفتے کے روز ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر خیبر ڈیجیٹل کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیوان حامد راجہ نے اور انٹرنیشنل چاکلیٹ اینڈ پیسٹری اکیڈمی کی جانب سے ریجنل منیجر نارتھ عنصرہ بشرت نے دستخط کیے۔
اس ایم او یو کا مقصد اکیڈمی کے طلبہ کو میڈیا، کاروبار اور فوڈ انڈسٹری سے متعلق تربیت فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت خیبر ڈیجیٹل کے فلیگ شپ منصوبے ’کام ٹیک‘ (خیبر اکیڈمی فار میڈیا ٹیکنالوجیز) کے زیرِ اہتمام چاکلیٹ اکیڈمی کے طلبہ کے لیے کورسز اور ورکشاپس ڈیزائن اور منعقد کی جائیں گی۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ کی کلنری (پکوان و بیکنگ) تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں کاروبار اور ڈیجیٹل میڈیا کی عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
ابتدائی کورسز میں کاروباری معاونت، سوشل میڈیا مارکیٹنگ، فوڈ سیفٹی و ہائجین (حفظانِ صحت) اور فوڈ فوٹوگرافی شامل ہوں گے۔
باہمی اتفاقِ رائے سے کمیونیکیشن سکلز اور میڈیا سٹوری ٹیلنگ جیسے دیگر شعبے بھی شامل کیے جا سکیں گے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق، ”یہ شراکت داری طلبہ کو حقیقی عملی ماحول میں براہِ راست تجربے کا موقع فراہم کرتی ہے اور انہیں اپنے کاروباری منصوبوں کی مارکیٹنگ اور توسیع کے قابل بناتی ہے۔“
یادداشت میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سے روزگار اور کاروباری خودکفالت کو بھی فروغ ملے گا۔
کام ٹیک، چاکلیٹ اکیڈمی کی مشاورت سے طلبہ کے روزگار اور کاروباری اہداف، بشمول گھریلو سطح کے کاروبار کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگراموں کا نصاب، شیڈول اور دورانیہ طے کرے گی۔
ہر بیچ میں 15 سے 25 طلبہ شامل ہوں گے، جب کہ باقاعدہ کورسز کے آغاز سے قبل پائلٹ ورکشاپس بھی منعقد کی جا سکیں گی۔
کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو کام ٹیک کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، جس پر باہمی رضامندی سے چاکلیٹ اکیڈمی کا نام بھی مشترکہ طور پر درج کیا جا سکے گا۔
معاہدے کے ایک حصے کے طور پر چاکلیٹ اکیڈمی، اکیڈمیا ٹو میڈیا (ایٹم) کونسل میں بطور انڈسٹری پارٹنر بھی شامل ہوگی۔
انٹرنیشنل چاکلیٹ اینڈ پیسٹری اکیڈمی چاکلیٹ، بیکنگ اور پیسٹری کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے والا ادارہ ہے اور 2002 میں قائم ہونے والے کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (سی او ٹی ایچ ایم / کوٹہم) کا ذیلی ادارہ ہے۔

