خودمختار ساوی اور انٹرنیشنل چاکلیٹ اینڈ پیسٹری اکیڈمی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان ہفتے کے روز ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر خودمختار ساوی کی صدر محترمہ مریم کیوان راجہ اور انٹرنیشنل چاکلیٹ اینڈ پیسٹری اکیڈمی کی ریجنل منیجر نارتھ مس عنصرہ بشارت نے دستخط کیے۔
اس مفاہمت کا مقصد مستحق افراد کو رعایتی فیس پر پیشہ ورانہ کلنری (پکوان و بیکنگ) تربیت تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت چاکلیٹ اکیڈمی، خودمختار ساوی کے مخصوص کوٹے کے تحت مستحق افراد کو بیکنگ، پیسٹری، چاکلیٹ اور اس سے متعلقہ کلنری مہارتوں کے پروگراموں میں داخلہ دے سکے گی۔
اس تربیت کا مقصد انہیں روزگار کے حصول یا اپنا ذاتی ذریعہ معاش شروع کرنے میں مدد دینا ہے۔
مفاہمتی یادداشت میں اس انتظام کو استعداد کار میں اضافے اور پائیدار روزگار کے لیے تعاون کا ایک غیر تجارتی، خیرسگالی فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔
اکیڈمی اس کوٹے کے لیے نشستیں مختص کر سکے گی، جب کہ ہر بیچ کے لیے نشستوں کی تعداد، پروگرامز اور فیس میں رعایت کا فیصلہ دونوں ادارے باہمی مشاورت سے کریں گے۔
یہ معاہدہ یک وقتی نقد امداد کے بجائے ہنر مندی کی تربیت کو ترجیح دیتا ہے اور اس کا مقصد ان افراد کے لیے پیشہ ورانہ تربیت تک رسائی بڑھانا ہے جو مالی طور پر اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
اس کا ایک مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا بھی ہے تاکہ وہ گھریلو سطح اور چھوٹے پیمانے پر فوڈ انٹرپرائزز قائم کر سکیں، نیز میرٹ پر روزگار اور معاش کے مواقع آسان بنائے جا سکیں۔
دونوں فریق مستفید ہونے والے افراد کی کامیابی اور اثرات کی کہانیاں دستاویزی شکل میں محفوظ کرنے اور انہیں شیئر کرنے پر بھی متفق ہوئے ہیں۔
خودمختار ساوی اسلام آباد میں قائم ایک فلاحی تنظیم ہے، جب کہ انٹرنیشنل چاکلیٹ اینڈ پیسٹری اکیڈمی ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی اور کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (سی او ٹی ایچ ایم / کوٹہم) کا ذیلی ادارہ ہے۔
مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر خیبر ڈیجیٹل کی پی آر اینڈ آؤٹ ریچ آفیسر محترمہ یسریٰ محمود بھی موجود تھیں۔

