تحریک حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے جس کی تصدیق حماس کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ غزہ پٹی میں جبالیا کیمپ پر اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کے ذریعے تین عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جن کی لاشیں قبضے میں لے کر ڈی این اے کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔ دوسری جانب حماس نے بھی یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ یحییٰ سنوار رفح میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق حماس کے شہید سابق رہنما اسماعیل ہنیہ کے بیٹے نے کی۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں سابق فوجیوں کے لیے بنائی گئی پاسداران انقلاب کی ایک محفوظ ترین عمارت میں حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کو پُراسرار انداز میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہو گئی تھی۔