ہزارہ میں ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں اور مانسہرہ میں کوٹکے پل کے قریب ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہو گئے ۔
ایبٹ آباد ( مہر سیماب) ریسکیو حکام کے مطابق حویلیاں ميں مگری کے مقام پر جیپ گہری کھائی میں جاگری، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے ۔
ابتدائی معلومات گاڑی میں سکول بچوں سمیت 11 افراد سوار تھے، جن میں دو موقع پر جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے ، بعدازاں مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ 6 زخمی افراد کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں بعض کی ھالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔
جاں بحق ہونے والوں میں حسیب علی ، محمد رفیق ، ادریس ، سمیع اللہ اور مراد علی جبکہ زخمیوں میں شیر افضل، محمد عاصم، احسان ، عمیر علی، قاسم اور محمد آصف شامل ہیں ۔
دوسری جانب مانسہرہ میں کوٹکے پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا ہے ، جہاں ایک دوسری گاڑی گہری کھائی میں جا گری ۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک حادثے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے ۔
ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا، عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔

