پہلگام حملے کے بعد لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال اور بھارتی دھمکیوں کے بعدترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے، تاہم بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دینے کیلئے نہ صرف ہمہ وقت تیار ہیں بلکہ بھرپور جواب دینے کی طاقت بھی رکھتے ہیں۔
ملک بھر کی سیاسی قیادت نے پاکستان کے خلاف بھارت کی کشیدگی کے دوران بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہیں ۔
اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ہیڈکوارٹر میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال پر اِن کمیرہ بریفنگ دیتے ہوئے پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا ۔
ان کیمرہ سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو حکومت کی جانب سے سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے بھی آگاہ کیا ۔
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے تناظر میں ہونے والی بریفنگ میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں سینیٹر پلوشہ خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، قمر زمان کائرہ، امیر مقام، بلال اظہر کیانی، مصطفیٰ کمال، کھیئل داس کوہستانی شریک ہوئے ۔
ان کے علاوہ بریفنگ میں محسن شاہنواز رانجھا، علی حیدر گیلانی، سردار عتیق، خرم دستگیر، عابد شیر علی، پرویز خٹک، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر عبدالشکور اور ڈاکٹر فاروق ستار بھی شامل تھے جبکہ تحریک انصاف کے اراکین بریفنگ مین شریک نہیں ہوئے ۔