نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کیساتھ عسکری سطح پر جنگ بندی برقرار ہے، بھارت کی سیاسی قیادت کو شکست ہضم نہیں ہو رہی، بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ اس کا رخ موڑ سکتا ہے ۔
کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، پاکستانی برادری سے مل کر دلی خوشی ہوئی، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں ۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام فالز فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر لگایا اور اٹاری بارڈر کو بند کیا، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا، بھارت نے اٹاری بارڈر بند کیا، ہم نے واہگہ بارڈر بند کر دیا، سکھ کمیونٹی کے علاوہ تمام بھارتیوں کے ویزے کینسل کر دیئے، ہم نے بھارتی پروزاروں کیلئے اپنے فضائی راستے بند کر دیئے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں ٹیک آف کیا، تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوا، ہم 2018 تک دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکے تھے، چند سالوں میں پاکستان نے جی 20 ممالک میں شامل ہونا تھا، لیکن پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان 24 ویں معیشت سے 47 ویں معیشت پر چلا گیا، 2020 میں ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا، وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا ۔