امریکا سے ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کا کہنا ہےکہ ایران کو کوئی خوف نہیں ہے
غیر ملکی خبرراساں اداروں کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکی دھمکی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، تہران واشنگٹن سے براہ راست فوجی تصادم کے لیے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہے۔مزید ان کا کہنا تھا کہ ہم نےحالیہ دنوں میں ایران کے لیے کچھ امریکی حکام کی جانب سے دھمکیاں سنی ہیں۔ یہ پیغام ان کے لیے ہے کہ کسی بھی دھمکی پر ہم لاجواب نہیں رہیں گے،جنگ ہم نہیں چاہتے لیکن ہم اس سے خوفزدہ بھی نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کی دھمکی کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں جوبائیڈن نے اردن ڈرون حملے اور اس میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر کہا تھا کہ امریکا نے اس حملے کا جواب کا فیصلہ کرلیا ہے۔ایران پر الزام لگاتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا تھا کہ ایران اردن میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ہے کیونکہ حملہ آوروں کو ہتھیار ایران ہی مہیا کررہا ہے۔