صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں واقع گل پلازہ شاپنگ پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بھاری مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔
صدرمملکت نے ہدایت کی ہے کہ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ افراد اور تاجروں کو فوری اور ہرممکن امداد فراہم کریں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کیے جائیں، متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے، ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے مل جل کر کام کریں ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعظم نے زخمیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت اور انکی ی جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے ۔

