کرک میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہباز الٰہی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرک پولیس نے تین ماہ کے دوران 83 سرچ اور سٹرائیک آپریشنز کیے،جبکہ کرک پولیس کے 4 جوان شہید ہوئے ۔
کرک(ابرار خٹک) ڈی پی او کرک شہباز الٰہی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کرک پولیس نے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ، جبکہ 83 سرچ اور سٹرائیک آپریشنز کیے ۔
کرک پولیس کی جانب سے مختلف کارروائیوں کے دوران تین ہینڈ گرنیڈ، 43 کلاشنکوف، 6 کلاکوف، 12 رائفلیں، 188 پستول، 53 بندوق و رپیٹرز اور 12 ہزار سے زائد کارتوس برآمد کیے گئے ۔
ڈی پی او نے بتایا کہ 190 کلوگرام چرس اور 13 کلوگرام آئس ضبط کی گئی، جب کہ 44 قتل اور 61 اقدامِ قتل کے اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ۔
ڈی پی او کرک شہباز الٰہی نے کہا کہ تین ماہ میں کرک پولیس کے 4 جوان شہید ہوئے، اور ڈی آر سی کے ذریعے 85 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سال کرک پولیس کی نفری بڑھنے کی امید ہے تاکہ سیکیورٹی اقدامات مزید بہتر بنائے جا سکیں ۔

