5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر خیبر ٹی وی پشاور اور کےٹو ٹی وی اسلام آباد کی جانب سے خصوصی مارننگ شوز نشر کیے گئے، جن میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ ان خصوصی نشریات میں نہ صرف بھارتی حکومت کے انسانیت سوز اقدامات کی سخت مذمت کی گئی بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی پر بھی شدید تنقید کی گئی۔
مارننگ شوز کے دوران اردو اور پشتو زبانوں میں تیار کردہ خصوصی پیکیجز، فلرز اور رپورٹس پیش کی گئیں، جن میں بھارتی افواج کی بربریت، کشمیری عوام پر ڈھائے گئے مظالم، اور مودی سرکار کی جارحانہ پالیسیوں کو بے نقاب کیا گیا۔ ان نشریات کا بنیادی مقصد پاکستانی عوام کو ایک بار پھر یہ باور کرانا تھا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
خیبر ٹی وی پشاور سے نشر ہونے والے مارننگ شو کی میزبانی زکی الرحمان اور مہیہ وش نے کی۔ شو میں معروف صحافی اشرف ڈار، سابق سول جج سعید بٹ، اور پشاور یونیورسٹی کے ممتاز استاد پروفیسر حسین شہید سہروردی نے خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں نے یومِ استحصال کشمیر کی تاریخی اہمیت، بھارتی مظالم کی موجودہ صورتحال اور عالمی برادری کی بے حسی پر مدلل گفتگو کی۔
دوسری جانب، اسلام آباد سے کےٹو ٹی وی کے مارننگ شو کی میزبانی رداعمران نے کی۔ اس پروگرام میں بھی یومِ استحصال کی مناسبت سے خصوصی فلرز اور دستاویزی پیکیجز پیش کیے گئے، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد اور ان کے ساتھ پاکستان کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا پیغام دیا گیا۔
یہ خصوصی نشریات اس بات کا ثبوت تھیں کہ پاکستانی میڈیا کشمیری عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، اور 5 اگست کو ایک کالی تاریخ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب مودی سرکار نے کشمیریوں کی شناخت، آزادی اور خودمختاری کو پامال کرنے کی کوشش کی۔