کابل، 5 اگست 2025ء — پاکستان نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور اصولی مؤقف کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان کے سفیر برائے افغانستان عبدالرحمن ہاشمی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے سامنے لانا پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے۔ وہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں افغانستان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرحمن ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات کو مزید وسعت دی ہے، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور اس مقصد کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر قومی قیادت کے پیغامات بھی شرکاء کو سنائے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور بھارتی مظالم کی مذمت کی۔