ضلع ڈیرہ غازی خان میں پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 دہشت گردوں نے سحری کے وقت چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا اور راکٹ لانچرز سمیت بھاری اسلحہ استعمال کیا۔
پولیس نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مشین گنز اور مارٹر گنز سے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
یہ حملہ اس سے قبل چھ دن پہلے چیک پوسٹ لکھانی پر ہونے والے حملے کے بعد دوسرا بڑا حملہ تھا، اس حملے کو بھی ناکام بنا دیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہادری سے حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کے اب تک 19 حملے ناکام بنا چکی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی اور پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
سی ٹی ڈی کی پنجاب میں بڑی کارروائی، 10 دہشت گرد گرفتار
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں راولپنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، بہاولنگر، رحیم یار خان، راجن پور، بھکر اور جہلم میں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق خوشاب اور جہلم سے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دو خطرناک دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹر، 35 فٹ حفاظتی فیوز وائر، پمفلیٹس، نقدی اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔