پشاور (حسن علی شاہ سے ) بونیر کے متاثرہ علاقوں میں خود مختار ساوی نے ایک بار پھر خدمتِ خلق کی شاندار روایت قائم کرتے ہوئے سینکڑوں گھرانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ منگل کی صبح سویرے فلاحی سامان سے لدی گاڑیاں بونیر پہنچیں تو مقامی عوام نے تنظیم کے اس اقدام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق، خیبر ٹی وی نیٹ ورک کی فلاحی و بہبود کی غیرسرکاری تنظیم خود مختار ساوی نے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے امدادی سامان روانہ کیا۔ اس مقصد کے لیے ایک رضاکار ٹیم تشکیل دی گئی جس میں مینا شمس، عالیہ مروت، محمد وسیم (خیبر نیوز)، انجینئر حماد افغان، بصیر اقبال، آفتاب، اقبال زرین، شاہد خلیل، سلمان شیخ، سمیع خان، محمد جمیل اور سید محمد شامل تھے۔
یہ ٹیم بونیر کے متاثرین تک امدادی سامان پہنچانے میں پیش پیش رہی۔ سامان میں آٹا، پینے کا صاف پانی، چٹائیاں، اشیائے خوردونوش، ادویات، واٹر کولرز، ملبوسات، جوتے، بچوں کے لیے گفٹ ہیمپرز اور مشروبات شامل تھے۔ سامان کی تقسیم کے دوران خواتین، بزرگ، بچے اور کمسن بچیوں کی آنکھوں میں خوشی اور شکرگزاری کے جذبات نمایاں تھے۔
علاقے کے عمائدین نے خود مختار ساوی کی اس کاوش کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے غیبی امداد قرار دیا اور کہا کہ یہ تنظیم ان کے لیے وسیلہ بنی ہے۔ امدادی قافلہ بونیر سے تقریباً چار کلو میٹر بلندی پر واقع علاقے "قاد نگر” تک پہنچا، جہاں دشوار گزار راستوں کو عبور کرتے ہوئے متاثرین تک سامان پہنچایا گیا۔
مزید یہ کہ خیبر نیوز کی ٹیم نے وہاں کی صورتحال کو صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے تک پہنچایا تاکہ آئندہ مزید اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔