خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو طلب کر لیا گیا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کی جانب سے ارسال کی گئی سمری پر دستخط کردیئے، ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اسی سیشن میں سینیٹ انتخابات بھی منعقد ہونگے ۔
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کے لیے بلایا گیا ہے، اسمبلی میں دیگر امور سے قبل مخصوص نشستوں پر کامیاب اراکین حلف اٹھائیں گے ۔
20 جولائی کی صبح 9 بجے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوگا، ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کے لیے بلایا گیا ہے ۔
گورنر سیکریٹریٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سپریم کورٹ کے احکام اور الیکشن کمیشن کے خط کی روشنی میں اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سمری بجھوانے کا کہا گیا تھا ۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ اجلاس میں دیگر امور سے پہلے نئے ارکان سے حلف لیاجائے گا، نئے ارکان سے حلف کے بعد دیگر کاروائی کی جائے گی ، نئے ارکان کے حلف کے بعد 21 جولائی کو سینٹ انتخابات کا انعقاد ہوگا، سینٹ انتخابات میں اراکین صوبائی اسمبلی 11 سینیٹرز کا انتخاب کریں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سینیٹرز 2030ء تک ایوان بالا کاحصہ رہیں گے ، نئے سینیٹرز میں 7 جنرل ،2 خواتین اور2 ٹیکنوکریٹ نشستیں شامل ہیں ۔