وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ٹیلی فون کیا اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں ۔
لاہور: اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ٹیلیفون کیا،انہوں نے صوبے میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتوں پر تعزیت بھی کی ۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں، اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں ۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کا فون کرنے اور تعزیت پر شکریہ ادا کیا، علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کی مدد کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا ۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر کو ٹیلیفون کیا اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔
مراد علی شاہ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 افراد کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی، صبر جمیل کی دعا کی ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا ہے کہ جاں بحق اہلکار عوام کی خدمت کے مشن پر تھے، عوامی خدمت میں جان دینے والے ہمارے ہیرو ہیں، حکومت سندھ غم کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہے ۔