پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 16 واں اجلاس ہوا۔جس میں پختون امن جرگے کے پیش کردہ قرارداد میں شامل مطالبات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
پریس سیکریٹری وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی کابینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جو مطالبات وفاقی حکومت سے متعلق ہیں ان پر پیشرفت کے لئے وفاقی وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے ۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی وزیر اعلی خیبر پختونخوا سمیت صوبائی اسمبلی میں تمام پارٹیوں کے نمائندوں پر مشتمل ہو ۔
کابینہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اس کمیٹی کی سفارشات کو سنے اور وفاقی حکومت سے جڑے مطالبات پر پیشرفت کرے ۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سیاسی جماعتوں کی کوششوں سے جرگہ پر امن انداز میں ختم ہوا ۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جرگے نے اپنے مطالبات پر مشتمل قرارداد پیش کی ہے اب ان پر پیشرفت کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو مطالبات صوبائی حکومت سے متعلق ہیں انہیں صوبائی اسمبلی میں پیش کرکے اتفاق رائے پیدا کرنا ہے ۔