پشاور :خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین اور غیر قانونی تارکین وطن کی افغانستان واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دوسرے مرحلے کے دوران 462 افغان سیٹزن کارڈ رکھنے والے مہاجرین اور 1008 غیر قانونی تارکین وطن کو طورخم سرحد کے ذریعے واپس بھجوایا گیا۔
دوسرے مرحلے میں اب تک مجموعی طور پر 25,604 افغان سیٹزن کارڈ ہولڈرز اور 17,892 غیر قانونی تارکین وطن کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں اس مرحلے کے دوران کل 43,496 افراد طورخم سرحد کے ذریعے افغانستان منتقل کیے گئے۔
پشاور سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق اسلام آباد سے 1982، پنجاب سے 16,624، گلگت بلتستان سے 2، آزاد کشمیر سے 1019 اور سندھ سے 44 افراد کو افغانستان ڈی پورٹ کیا گیا۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور، خیبرپختونخوا کے مطابق، ستمبر 2023 سے اب تک خیبرپختونخوا کے مختلف سرحدی مقامات سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 15 ہزار 892 افراد کو افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 17,529 افغان سیٹزن کارڈ ہولڈرز نے رضاکارانہ طور پر واپسی کا انتخاب کیا، جو ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ عمل مستقبل قریب میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔