پاکستان کی نامور میزبان و اداکارہ مایا خان رشتہ کلچر کیخلاف بول پڑیں۔
سوشل میڈیا پر حال ہی میں مایا خان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں وہ پاکستان میں رشتہ کلچر سے متعلق بات کررہی ہیں۔مایا خان نے کہا کہ لڑکیاں کوئی شو روم میں رکھا کوئی سجاوٹ کا سامان نہیں ہیں جن کو دیکھیں اور ریجیکٹ کردیں۔مایا خان نے شادی کی منتظر لڑکیوں کو ویڈیو پیغام میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے بات کر رہی ہوں جس کے گھر لوگ آئے چائے پی، کچھ سموسے کھائے، باتیں بنائیں اور کچھ دنوں کے بعد کہا کہ استخارہ ٹھیک نہیں آیا، آپ وہ، جو اس انتظار میں رہتی ہیں کہ آج بڑوں نے کہا ہے کہ آج پھر کوئی دیکھنے آنے والا ہے، آپ وہ، جسے کہا جاتا ہے کہ دفتر سے جلدی گھر آنا، اور آپ جو یہ سوچ سوچ کے تھک گئی ہیں کہ کیا میں شوروم میں رکھا کوئی شو پیس ہوں؟
مایا خان نے کہا کہ لڑکیاں اپنی زندگی کے قیمتی سال، قیمتی وقت،قیمتی راتیں، سنہرے دن صرف اس ہی فکر میں گزار دیتی ہیں کہ شاید اب جو لوگ دیکھنے کے لیے آئیں گے وہ رشتہ پکا کردیں گے یا پھر اب کی بار جو لوگ آئیں گے وہ کیا جواب دیں گے، میں ایسی تمام لڑکیوں کو صرف اتنا ہی کہوں گی کہ آپ شوروم میں رکھا کوئی سجاوٹ کا سامان نہیں ہیں جو صرف کسی کی ہاں کی منتظر رہیں۔اس پر سوشل میڈیا صارفین بھی اداکارہ کی ویڈیو پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں، صارفین کے مطابق استخارے کا بہانا وہی لوگ کرتے ہیں جنہیں رشتہ نہیں کرنا ہوتا ہے۔