اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اب قومی ایئرلائن کی نجکاری سے حکومت کو فائدہ ہوگا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر خواجہ آصف نے لکھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے مالی سال 2024 کے اپنے اکاؤنٹس کی منظوری دے دی ہے، اور 21 سال کے بعد اس نے 9.3 بلین کا آپریٹنگ منافع اور 26.2 بلین کا خالص منافع حاصل کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں چاروں اطراف سے اچھی خبریں آرہی ہیں، حکومت پی آئی اے نجکاری کے عمل کے ذریعے مالیاتی کارکردگی سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے ۔
وزیردفاع نے پی آئی اے کے حوالے سے مزید لکھا کہ پاکستان کے لوگ شاید ’ایک بار قوم کا فخر‘ پر امید کھو چکے تھے، لیکن حکومت کے سخت اقدامات کے ساتھ، بیلنس شیٹ کی تنظیم نو کے ساتھ لاگت اور افرادی قوت کی معقولیت، راستوں کی اصلاح اور مالیاتی نظم و ضبط پر مشتمل جامع اصلاحات کو نافذ کرتے ہوئے، پی آئی اے نجکاری کے عمل کے ذریعے مالیاتی کارکردگی سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے ۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے سی ایل) کے 51 سے 100 فیصد شیئر کیپٹل کی نجکاری اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کی منظوری دی تھی ۔