نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 73 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔،نیوزی لینڈ کے 345 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 44.1 اوورز 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، اوپنر عثمان خان اور عبداللہ شفیق نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم عثمان 39 رنز پر ہوئے، بعدازاں عبداللہ شفیق بھی 88 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 36 رنز بنائے ۔
کپتان محمد رضوان اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کیلئے 76 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم محمد رضوان 30 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے، دیگر کھلاڑیوں میں طیب طاہر، حارث رؤف اور عاکف جاوید نے ایک ایک رن بنائے جبکہ عرفان خان نیازی اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹے ۔
بابراعظم نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے لیکن 345 رنز ہدف کے حصول میں وہ بھی کامیاب نۃ ہو سکے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے نتھین سمتھ نے 4، جیکب ڈفی نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں میزبان نیوزی لینڈ کی 3 وکٹیں 50 رنز پر گر گئیں، ول ینگ ایک، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 199 رنزکی پارٹنر شپ قائم کی ، اس دوران مارک چیپمین نے 132 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ جبکہ ڈیرل مچل 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
اس کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے ۔
پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے2،2، نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، دوسرا میچ 2 اپریل کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا ۔