اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیلا، جس کے جواب میں پاکستان نے بھرپور دفاع کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اپنی خودداری، عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ کئی دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، جس پر پاکستان اُن کا شکر گزار ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اگر کوئی جارحیت کی گئی تو اُس کا بھی مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
افغان وزیر دفاع کے مبینہ خفیہ دورہ بھارت پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، بھارت اور افغانستان کو خودمختار ریاستیں تسلیم کرتا ہے اور علاقائی امن کے لیے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی ملک کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتا، اور ہر ریاست کو اپنی آزاد خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور دوست ممالک سے امید رکھتا ہے کہ اُن کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے۔ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور اپنی سالمیت کے تحفظ کا پورا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی وزرا کے پاکستان اور بھارت کے دوروں میں توازن کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔