اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیگریشن اور پاسپورٹ نظام کو مزید موثر اور محفوظ بنانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط پر فوری طور پر قانونی امور مکمل کیے جائیں۔ ان شرائط کا مقصد بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کے مسائل پر قابو پانا ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ جن افراد کو بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیا گیا، ان کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے اور اس فیصلے پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے پاسپورٹ آفس میں نصب کی گئی 6 نئی ایم آر پی اور 2 ای پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا، اور کہا کہ ان مشینوں سے نظام کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا۔ جرمن ٹیم سے ملاقات بھی اس تناظر میں ہوئی۔
ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جلد ایک موبائل ایپ بھی لانچ کی جا رہی ہے۔