بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سید رب نواز طارق شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے 34 سالہ میجر سید رب نواز طارق شہید ہوگئے۔
میجر سید رب نواز طارق نے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشتگردوں کا بہادری سےمقابلہ کیا اور اپنی جان وطن پر قربان کردی۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔