پاکستان نے پاک افغان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ترکیہ کی درخواست پر طالبان کیساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی حامی بھر لی ،اس حوالے سے پاکستان نے مذاکراتی عمل کو جاری رکھ کر امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مذاکرات آج سے دوبارہ شروع ہونگے ۔
اسلام آباد: پاکستان نے ثالث( ترکیہ) کی درخواست پر افغان طالبان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرکے امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، مذاکرات جاری رکھنے کیلئے پاکستان وفد استنبول میں مزید قیام کرے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان نے کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کو ملک بدر کرنے کی تجویز دی ہے جس پر پاکستان نے ٹی ٹی پی کو افغانستان میں دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان کا موقف ہے کہ افغان طالبان کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان میں دہشت گرد تنظیم اور اس کی کارروائیوں کو غیر شرعی قرار دیں ۔
ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کے خلاف قابلِ تصدیق اور مؤثر کاروائی کرے، ذرائع کے مطابق پاکستان کی تجویز پر افغان طالبان کی مشاورت کاعمل جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق ثالث ترکیہ چاہتا ہے کہ اس کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں ۔

