بیس بال یونائیٹڈ کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے عرب کلاسک میں پاکستان کی بیس بال ٹیم نے ایک بار پھر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف 12-0 کی شاندار فتح حاصل کی۔ یہ ٹورنامنٹ میں ان کی مسلسل تیسری جیت تھی، جس نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک کے طور پر ان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔
ابتدائی پچ سے ہی پاکستان کھیل پر حاوی رہا۔ ہندوستان نے مطلوبہ رفتار حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کی اور مسلسل دفاعی انداز اختیار کیے رکھا لیکن پاکستان نےپورے کھیل میں بھارت کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستان کی فتح میں کئی کھلاریوں نے اہم کردار ادا کیا۔ رومیل خان، محمد یونس، زین شریف، جبران مرتضیٰ، اور محمد حسین پاکستان کی کامیابی کی کلید تھے، جنہوں نے اٹیک اور دفاع دونوں میں اہم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا ٹیم ورک ٹیم کی کمانڈنگ کارکردگی میں کلیدی عنصر تھا۔
فیصل حیات ٹاپ فارم میں تھے۔ ان کی موجودگی ہندوستان کے کھلاڑیوں کو توازن سے دور رکھنے کے لیے کافی تھی، جس سے ان کے سکور کے مواقع محدود تھے۔ حیات کی پچنگ نے پاکستان ک ی جیت کو یقینی بنایا۔
اس فتح سے پاکستان نے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی ہے۔ لگاتار تین جیت کے ساتھ بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات، اور اب ہندوستان کے خلاف—پاکستان عرب کلاسک میں فائنل کے لیے تیار ہے۔
اس جیت پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے جذبے، عزم اور ٹیم اسپرٹ کی تعریف کی۔ سفیر ترمذی نے ٹیم انتظامیہ کو اسکواڈ کو کامیابی کے لیے تیار کرنے میں ان کی محنت کا بھی اعتراف کیا۔ یہ فتح دبئی میں دی سیونز میں بیس بال یونائیٹڈ بال پارک میں ہوئی، جس نے پرجوش ہجوم کو اپنی طرف مائل کیے رکھا اور بیس بال کے کھیل میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو مزید اجاگر کیا۔
پاکستان آج 9 نومبر کو اپنے آخری گروپ مرحلے کے میچ میں افغانستان کا مقابلہ کرنے والا ہے۔ پہلے ہی تین جیت کے ساتھ، پاکستان نے سیمی فائنل کے لیے واضح راستہ بنا لیا ہے۔ ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی مضبوط دوڑ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔