پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہراکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی،ویسٹ اینڈیز کے 281 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے کامیابی حاصل کی ۔
ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ون ڈے سیزیز کے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بناکر آوٹ ہوگئی، میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان شائے ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رنز کی اننگز کھیلی، ردرفورڈ 10، گڈاکیش موتی 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شیمار جوزف 8 اور شیفرڈ 4 رنز بنا سکے ۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ نے 3، صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
پاکستان نے 281 رنز کا ہدف 49.5 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرکے کامیابی حاصل کی ،قومی ٹیم کی جانب سے حسن نواز 63 اور حسین طلعت 41 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، محمد رضوان 53 ، بابراعظم 47، عبداللہ شفیق 29 سلمان علی آغا 23 اور صائم ایوب 5 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔
قومی ٹیم کے 180 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان بیٹر حسن نواز اور حسین طلعت نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 49 ویں اوور میں ہدف پورا کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے 2، سیلز، موتی اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ لی ۔
قومی بیٹر حسن نواز شاندار بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، 5 وکٹوں سے جیت کے بعد پاکستان نے 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل اتوار کو کھیلا جائے گا ۔