ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے یورپی یونین کی پاکستان میں سبکدوش ہونے والی سربراہ ڈاکٹر رینا کیونکا نے الوداعی ملاقات کی۔ صدر زرداری نے ڈاکٹر کیونکا کو خوش آمدید کہا اور ان کی پاکستان-یورپی یونین تعلقات کو مضبوط بنانے میں خدمات کو سراہا۔
صدر زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی کثیرالجہتی شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تعلقات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی اہم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین پاکستان کا بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری کا شراکت دار ہے، اور نوجوان آبادی اور صنعتی ترقی کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ صدر زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی یورپی یونین کے تعلیمی اور تحقیقی پروگرامز جیسے ایراسمس منڈس اور ہورائزن یورپ سے فائدہ اٹھاتا رہے گا۔
صدر زرداری نے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے مکمل نفاذ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تجارت، ترقی، موسمیاتی تبدیلی، ہجرت، اور علاقائی امن جیسے شعبے دونوں فریقین کی مشترکہ ترجیحات ہیں، جو اس مضبوط اور دیرپا شراکت داری کی بنیاد ہیں۔
آخر میں، صدر زرداری نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو ان کے کامیاب دورِ پاکستان پر مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔