پاکستان بھر کے سات اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس سیوریج لائنوں میں پایا گیا جب کہ 2024 میں سیوریج کے مثبت نمونوں کی تعداد 203 ہوگئی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں اسلام آباد، کوئٹہ، نصیر آباد، کراچی، پشاور اور گوجرانوالہ شامل ہیں جہاں پر سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
کوئٹہ میں تین اور کراچی میں دو نمونے مثبت آئے۔ اس سال پہلی بار گوجرانوالہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کا پتہ چلا ہے۔6 سے 11 جون تک متاثرہ اضلاع میں پولیو ٹیسٹنگ کے لیے نمونے لیے گئے۔
اس سال اب تک، 47 اضلاع نے گندے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کی اطلاع دی ہے، اور ملک بھر میں پولیو کے آٹھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں جمعہ کے روز ملک میں سندھ اور بلوچستان سے پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے 2024 میں ملک میں کیسز کی کل تعداد آٹھ ہوگئی۔پولیو ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو فالج، معذوری اور موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ پولیو سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ ویکسینیشن ہے، اور پاکستان اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پانچ سال سے کم عمر کے لاکھوں بچوں کو قطرے پلانے کے لیے کام کر رہا ہے۔تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ متاثرہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے یا نہیں۔