پاکستان نے اکتوبر 2024 میں اوورسیز ورکرز کی ترسیلات زر میں نیا ریکارڈ قائم کیا، جو 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یہ گزشتہ سال کے اسی ماہ میں 2.46 ارب ڈالر کی ترسیلات زر سے 24 فیصد زیادہ ہیں۔
اگر ماہانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو روان سال اکتوبر میں ترسیلات زر میں 6.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ ستمبر 2024 میں 2.86 ارب ڈالر تھیں۔
مالی سال 2024-25 کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات زر میں 34.7 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 8.8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ماہرین نے اس شرح نمو کو مستحکم کرنسی کے تبادلے کی شرح، اوپن مارکیٹ اور بینکوں کے درمیان فرق میں کمی، ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع کے استعمال میں اضافہ اور بیرون ملک روزگار کے مواقع میں اضافے سے منسلک کیا۔
یہ مثبت رجحان پاکستان کی معیشت کی بحالی اور استحکام کی طرف اشارہ کرتا ہے۔