پاکستانی فضائیہ نے 26 فروری 2019 کو بھارت کے سرجیکل سٹرائیکس کے جواب میں ایک بھرپور جوابی کارروائی کی تھی، جس کے نتیجے میں بھارت کی فضائیہ کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے ایف-16 طیارہ کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، مگر اب امریکہ اور دیگر عالمی میڈیا اداروں نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکہ کی واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی فضائیہ پاکستانی ایف-16 طیارہ کو گرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی دعویٰ صرف جھوٹا پروپیگنڈا تھا، جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے ایف-16 طیارے اپنی جگہ پر تھے اور ان کے ساتھ کوئی ایسی قابل ذکر کارروائی نہیں ہوئی جس سے ان کی تباہی ثابت ہو سکے۔
واشنگٹن پوسٹ نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ 27 فروری کو ہونے والی فضائی جھڑپ میں بھارت کا ایک ہیلی کاپٹر اپنی ہی فورسز کی فائرنگ سے تباہ ہوگیا۔ اس حملے میں بھارتی فضائیہ کے چھ فوجی بھی ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی حکمت عملی پر سوالات اٹھائے گئے۔
فارن پالیسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے امریکی حکام کو اپنے ایف-16 طیاروں کی گنتی کی اجازت دی، جس سے یہ تصدیق ہو گئی کہ تمام طیارے موجود ہیں اور بھارتی دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا۔ اس کے بعد کئی عالمی میڈیا اداروں نے بھارت کے جھوٹے دعوے کو بے نقاب کیا۔
بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستانی ایف-16 طیارہ مار گرایا تھا، مگر امریکی صحافی کرسٹن فیئر نے اس دعوے کو جھوٹا ثابت کرتے ہوئے کہا کہ "میں پورے یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ کوئی ایف-16 طیارہ تباہ نہیں کیا گیا”۔ امریکی رپورٹ نے اس دعوے کی حقیقت کو بے نقاب کر دیا۔
پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو عزت و احترام کے ساتھ واپس بھیجا۔ اس اقدام نے بھارت کی شکست کو مزید نمایاں کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے سچے اور اصولی موقف کو سراہا گیا۔
پاکستانی فضائیہ کی موثر جوابی کارروائی نے بھارت کو بھاری نقصان پہنچایا۔ پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی دفاعی صلاحیت کو ثابت کیا اور بھارت کی جنگی جنون کو ناکام کر دیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے انتخابی فائدے کے لیے پاکستان پر حملہ کیا اور جھوٹے دعوے کیے، مگر جب حقیقت سامنے آئی تو اس کا بیانیہ ناکام ہو گیا۔
چھ سال گزرنے کے باوجود بھارت کا دعویٰ ثابت نہیں ہو سکا، اور اس نے اب تک اپنے سرجیکل سٹرائیکس کو عالمی سطح پر ثابت کرنے میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارت کی فضائیہ اور حکومتی دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں۔