سکھر میں پیپپلزپارٹی کے جلسے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے، اپنی کمزوریاں چھپانے اور اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیےمودی نے جھوٹے الزامات لگائے ہیں ۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے یک طرفہ فیصلہ کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا ہے جس کے تحت بھارت تسلیم کرچکا کہ سندھو پاکستان کا ہے ۔
بلاول نے کہا کہ مودی کی دریائے سندھ کے حوالے سے کوششیں ناکام کروائیں گے، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو کوئی نہیں مانےگا، سندھ کےدریا کےوارث ہم ہیں اور ہم اس کا تحفظ کریں گے ۔
بلاول کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کی رضامندی کے بغیرکینال نہیں بن سکتے، طے ہوگیا ہے کہ آپ کی مرضی کے بغیرکوئی نئی نہر نہیں بنے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے، پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی، ہم بہادر لوگ ہیں اور بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ چاروں صوبے مل کر مودی کو منہ توڑ جواب دیں گے، پورے پاکستان کو ایک ہو کر بھارت کا مقابلہ کرنا پڑے گا ۔