پشاور (خصوصی رپورٹر) — صوبائی دارالحکومت پشاور میں سرکاری رہائشگاہوں پر ریٹائرڈ افسران کے غیر قانونی قبضوں کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جس سے مروجہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا معاملہ اجاگر ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حیات آباد میں واقع مختلف کالونیوں، جن میں پی ٹی وی کالونی، آڈٹ کالونی، پی ڈی اے کالونی اور محکمہ اطلاعات کی رہائشگاہیں شامل ہیں، میں بڑی تعداد میں ایسے افسران مقیم ہیں جو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی طویل عرصے سے سرکاری گھروں پر قابض ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ان میں سے کئی افراد سیاسی اثرورسوخ رکھتے ہیں، اور جب انہیں مکانات خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے جاتے ہیں تو وہ عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کر کے مزید قیام جاری رکھتے ہیں۔
اس صورتحال کے باعث وہ سرکاری ملازمین متاثر ہو رہے ہیں جنہیں یہ رہائشگاہیں باقاعدہ الاٹ کی گئی ہیں مگر انہیں تاحال قبضہ نہیں مل سکا۔
مزید یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بعض سرکاری ملازمین نے ان گھروں کو کرائے پر دے رکھا ہے اور کرایہ داروں کو اپنی فیملی ظاہر کر کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
متعلقہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے شفاف اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہے تاکہ سرکاری وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

