پشاور یونیورسٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی شدید مالی بحران کا شکار ہے، صوبائی حکومت مالی اور انتظامی طور پر ناکام ہوچکی ہے لہٰذا خیبرپختونخوا کے عوام کے بہترین مفاد میں یونیورسٹی کو وفاق کے حوالے کردیا جائے ۔
پشاور یونیورسٹی کے اساتذہ انتظامی افسران کی جوائنٹ ایسوسی ایشن کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر ذاکراللہ جان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں یونیورسٹی کے ملازمین میں پائی جانے والی مایوسی اور اضطراب کا اظہار کیا گیا ۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پشاور یونیورسٹی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یونیورسٹی اور خیبرپختونخوا کے عوام کے بہترین مفاد میں یہ فیصلہ کیا جائے ۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکا نے یونیورسٹی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے میں مسلسل ناکامی پر شدید احتجاج کیا اور جامعہ کے بڑھتے ہوئے مالی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔
اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی اور کہا گیا کہ صوبائی حکومت مالی اور انتظامی طور پر پشاور یونیورسٹی کے معاملات چلانے میں مکمل ناکام رہی ہے ۔
یونیورسٹی انتظامیہ کو خبردار کیا گیا کہ اگر ملازمین کے جائز مطالبات بالخصوص تنخواہوں اور پنشن کا فوری اجرا کا مطالبہ بغیر کسی تاخیر کے پورا نہیں کیا گیا تو تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا اور تعلیمی اور انتظامی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کیا جائے ۔

