سال 2025 کے آغاز پر پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت یکم جنوری سے اگلے پندرہ دنوں میں 3.62 روپے فی لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب اور رسد میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہے۔ تاہم، عالمی جغرافیائی سیاسی حالات، خاص طور پر شام کی صورت حال اور نئی امریکی قیادت کے عالمی مسائل سے نمٹنے کی حکمت عملی کی وجہ سے قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔
پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی کا تعین عالمی سطح پر سیاسی غیر یقینی صورتحال کی بنا پر ہو رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ اس وقت پیٹرول پر پریمیم 8.69 ڈالر فی بیرل کے حساب سے لاگو ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 3.62 روپے فی لیٹر کا اضافہ متوقع ہے۔
آنے والے پندرہ دنوں میں پیٹرول کی قیمت 250 روپے 20 پیسے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 259 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ مزید یہ کہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں 3 روپے 30 پیسے کا اضافہ متوقع ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 3.03 روپے فی لیٹر بڑھنے کے بعد 151.97 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 0.05 روپے فی لیٹر کا معمولی اضافہ ہو کر 161.71 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔