وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، ملائیشیا کے وزیر اطلاعات، ملائیشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا،وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش پر لایا گیا ۔
وزیراعظم کی رہائش آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں ملائیشیا آمد پر خوش آمدید کہا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے، پرتپاک استقبال پر ملائیشیا کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان -ملائیشیا دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے آگاہ کیا تھا کہ وہ ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر ملائیشیا کا سرکاری دورہ کررہے ہیں ۔
ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات میں تجارتی و اقتصادی امور کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پربات ہوگی، اہم عالمی اور علاقائی امور پر گفتگو ہوگی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کےتعلقات فروغ پاتے رہیں گے ۔