وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وینزویلا کو اپنے کنٹرول میں رکھنے سے متعلق بیان پر واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوئے، شدید نعرے بازی کی اور ’’وینزویلا کے خلاف جنگ بند کرو‘‘ کے بینرز لہرائے ۔
اسی دوران نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں بھی ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جہاں مظاہرین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے وینزویلا پر امریکی حملوں کی کھل کر مذمت کی اور وینزویلا کے پرچم لہراتے رہے ۔
یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے خلاف مارچ کیا، جبکہ اٹلی کے شہر روم میں شہریوں نے امریکی آپریشن کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا ۔
علاوہ ازیں ارجنٹینا اور کولمبیا میں بھی امریکی کارروائی کے خلاف مظاہرے کیے گئے ۔
واضح رہے کہ فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل الزامات عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جائے گا اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

