بھارتی سیاسی جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا نے پلوامہ اور پہلگام واقعات سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ یہ دونوں ڈرامے نریندرا مودی نے اپنے سیاسی فائدے کیلئے رچائے تھے ۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا کے بیان نے مودی حکومت کیلئے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا ہے ۔
یشونت سنہا نے دعویٰ کیا کہ پہلگام واقعہ ایک ’’ ڈرامہ‘‘ تھا جسے مودی حکومت کی جانب سے بہار کے آئندہ انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے رچایا گیا ، بالکل پلوامہ واقعے کی طرح ۔
یشونت سنہا نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں بھی سیاسی فائدے کیلئے پلوامہ کی صورت ایک ایسا ہی ڈرامہ رچایا گیا تھا ۔
بھارت کے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے قومی سلامتی جیسے جذبات کا فائدہ اٹھایا، مودی نے اپنی انتخابی ریلیوں میں پلوامہ کے متاثرین کے نام پر ووٹ مانگے تھے، اب انتخابی فائدے کے لیے ایک بار پھر اس واقعے جیسی سیاست دوبارہ کی جارہی ہے ۔