کوئٹہ کے ائیر پورٹ روڈ پر بیوٹمز یونیورسٹی کی چلتی ہوئی بس سے دو طالب علم گر گئے۔
ذرائع کے مطابق ان گرنے والے طالب علموں میں سے ایک جاں بحق جبکہ دوسرے طالب علم کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بیوٹمز یونیورسٹی کی بس چھٹی کے بعد تمام طالب علموں کو لے کر یونیورسٹی سے شہر کی طرف آرہی تھی کہ اچانک ائیرپورٹ روڈ پر دو طالب علم بس سے نیچے گرگئے جن میں ایک طالب علم جس کا نام علی اکبر ہے، ٹائرکے نیچے آنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے طالب علم بلال احمد کو زخمی حالت میں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے اس حادثے کا مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کو کو تفیش کے لئے گرفتار کرلیا ہے اور اس کے ساتھ ہی بس کو قبضے میں بھی لے لیا ہے۔طالب علموں کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ طالب علموں کو سوار کیا گیا تھا۔جس کی وجہ سے دونوں طالب علم بس کے دروازے پر کھڑے تھے۔جاں بحق ہونے والا طالب علم علی اکبر بیوٹمز سے بی ایس کے چھٹے سمیسٹر کی تعلیم حاصل کررہا تھا۔جبکہ گورنر بلوچستان اور یونیورسٹی کے چانسلر میر جعفر مندوخیل نے کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی بس حادثے کا نوٹس لے لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی 24گھنٹے کے اندر اندر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔