پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر پولیس وین پر معمول کی گشت کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا ہے ۔
پولیس نے کہا ہے کہ شہید ہونیوالے اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی اہلکار کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پہنچ کر مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔
ترجمان شاہد رند نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے ۔