صوبائی حکومت نے ضلع کرم میں دو ماه کيلئے دفعہ 144 نافذ کردی، اس دوران ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی ۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کرم میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے تری سے چھپری تک مین شاہراہ پر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
دوسري جانب لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کی جگہ محمد اشفاق کو نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیا ۔
خیبر پختونخوا کے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے نئے ڈپٹی کمشنر محمد اشفاق کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور 3سکیورٹی اہل کار زخمی ہوگئے تھے ۔
دوسری جانب، سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کرکے ڈپٹی کمشنر اور 3 سیکیورٹی اہل کاروں کو زخمی کرنے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گری (سی ٹی ڈی) میں درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔
پولیس کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں 5 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، گزشتہ روز کرم میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملے کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی تھی ۔