پشاور کے معروف ریڈیو اناؤنسر، اداکار، گلوکار اور صداکار شکیل ارشد آج 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے۔ مرحوم کی نرینہ اولاد نہیں تھی، البتہ ان کی دو صاحبزادیاں ہیں۔
شکیل ارشد کا تعلق بنیادی طور پر پنجاب کے شہر چینوٹ سے تھا، تاہم وہ گزشتہ ساٹھ برس سے پشاور میں مقیم تھے۔ اپنے طویل فنی سفر میں انہوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کے ساتھ بطور اناؤنسر خدمات انجام دیں اور اپنی منفرد آواز، بہترین تلفظ اور شاندار ادائیگی کے باعث سامعین میں بے حد مقبول رہے۔
ان کے انتقال کی خبر پر پشاور کے ثقافتی اور سماجی حلقوں میں گہرا رنج و غم پایا جاتا ہے۔ اہلِ فن اور مداحوں نے ان کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کی فنی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔