ڈنمارک میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے افواجِ پاکستان کے ساتھ والہانہ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے خلاف جنگ میں فتح کا جشن شایانِ شان طریقے سے منایا۔
یہ پُروقار اور جوشیلہ اجتماع ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن ڈنمارک اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں خواتین، بچے، سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی اور فلاحی حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں مقامی میئر، ڈپٹی میئر، کونسلرز اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کی میزبانی بابر خان (صدر، ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن ڈنمارک)، امیر مختار نقوی (قائم مقام صدر، پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک)، اور چوہدری افضال آف ڈھل نے کی۔
تقریب کی خاص بات پاکستان کی عظیم فتح کی خوشی میں کیک کاٹنے کی رسم تھی۔ شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "افواجِ پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی محبت اور حمایت کا بھرپور اظہار کیا۔
پروگرام میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین، ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر (تمغہ خدمت، صدارتی ایوارڈ یافتہ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جب کہ معروف سماجی شخصیت میاں منیر مہمانِ خاص تھے۔