سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے از خود نوٹس لینے کی درخواست مسترد کردی۔
سپریم کورٹ میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے کیس کی سماعت کے دوران، خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل نے زبانی طور پر درخواست کی کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں دونوں طرف سے ہلاکتیں ہوئیں، اس لئے آئینی بینچ کو اس معاملے کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔
جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں آکر سیاسی بیانات نہ دیے جائیں، جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے واضح طور پر کہا کہ یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے اور ہم اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔
آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے بھی اس بات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے، ہم اس پر غور نہیں کر سکتے۔
آخرکار، سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ کی زبانی استدعا کو مسترد کردیا۔