وزیراعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانے پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔
معروف امریکی تھنک ٹینک "کارنیگی انڈوومنٹ فار انٹرنیشنل پیس” میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی غیر ملکی یا علاقائی نقطۂ نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ اس کی منفرد حیثیت کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔
طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ امریکا کو پاکستان کو کسی دوسرے ملک کی عینک سے دیکھنے کے بجائے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے پاک-امریکا تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کریں اور یہاں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور منافع بخش منزل ہے۔
اس سے قبل، طارق فاطمی نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں پاک-امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون اور معاشی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔